آیت اللہ العظمی علوی گرگانی خالق حقیقی سے جاملے
ایران کے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سید محمد علی علوی گرگانی نے دعوت حق کو لبیک کہتے ہوئے اس دار فانی کو الوداع کہہ دیا۔
آیت اللہ العظمی مرحوم علوی گرگانی کی عمر بیاسی سال تھی۔ ہفتے کے روز ان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی جس کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
آیت اللہ العظمی سید محمد علی علوی گرگانی عظیم الشان مرجع تقلید اور حوزہ علمیہ قم کے بزرگ اساتذہ میں سے تھے۔ آیت اللہ علوی گرگانی، آیت اللہ العظمی حسین بروجردی، امام خمینی، آیت اللہ العظمی گلپائگانی اور آیت اللہ العظمی اراکی کے شاگرد تھے ۔
آپ نے مختلف موضوعات پر دسیوں کتابیں تحریر کیں جو شائع ہو کر منظرعام پر آچکی ہیں۔ مرحوم آیت اللہ علوی گرگانی نے حوزہ علمیہ قم میں درس و تدریس کے ساتھ ہی سیکڑوں شاگردوں کی تربیت اور ملک کے مختلف علاقوں میں دینی مراکز، مساجد، مدارس اور اسپتال بھی تعمیر کرائے تھے۔