خلیج فارس کا قومی دن
جنوبی ایران کے سمندری ساحل پر خلیج فارس کے قومی دن کی ایک اہم تقریب منعقد ہوئی۔
آج ایرانی تاریخ دس اردیبہشت مطابق تیس اپریل سنہ انیس سو بائیس عیسوی کو جنوبی ایران کے سمندری علاقے سے پرتگالیوں کو نکال باہر کئے جانے کی سالانہ تاریخ سے مناسبت رکھتی ہے جس کی بنا پراس دن کو خلیج فارس کے قومی دن سے موسوم کیا گیا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایران کے صوبے ہرمزگان کے ادارہ ثقافت و ارشاد اسلامی کے ڈائریکٹر جنرل اسماعیل جہانگیری نے بتایا ہے کہ خلیج فارس کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب میں جماران بحری جہاز کے عرشے پر اسلامی جمہوریہ ایران کا قومی پرچم لہرایا گیا۔
انھوں نے کہا کہ یہ پرچم ان جیالوں کی یاد میں لہرایا گیا جنھوں نے ماضی سے اب تک اپنے وطن اور اپنے ملک کی سرحدوں کی پاسداری کی اور خلیج فارس کے نیلگوں سمندرکو اپنے خون سے رنگین کر دیا۔
ایران کے صوبے ہرمزگان کے ادارہ ثقافت و ارشاد اسلامی کے ڈائریکٹر جنرل اسماعیل جہانگیری نے کہا کہ اسی طرح اس سمندری علاقے پر آبنائے ہرمز اور خلیج فارس کا دفاع کرنے والوں کی یاد میں پھول نچھاور کئے گئے۔
دو لاکھ سینتیس ہزار مربع کلو میٹر سے زائد رقبے میں خلیج فارس کا آبی علاقہ بحیرہ عمان میں ایران اور جزیرہ نمائے سعودی عرب کے درمیان واقع ہے۔ یہ خلیج، خلیج میکسیکو اور خلیج ہڈسن کے بعد دنیا کی تیسری بڑی خلیج اور اہم سمندری راستہ ہے جو تیل اورگیس سے مالامال ہونے کی بنا پر بین الاقوامی سطح پراہم اوراسٹریٹیجک علاقہ شمار ہوتا ہے۔
خلیج فارس کا نام مختلف زبانوں میں ایک تاریخی نام کی حیثیت رکھتا ہے جو بحیرہ پارس کا ترجمہ ہے تاہم حالیہ برسوں کے دوران خلیج فارس کے اطراف کے بعض عرب ممالک نے مغربی سامراج کے اکسانے پر خلیج فارس کا نام تبدیل کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔
چودہ مئی سن انیس سو ننانوے کے اقوام متحدہ کے سیکریٹریٹ کے دستورالعمل کے مطابق ایران اور جزیرہ نمائے عرب کے درمیانی راستے کا نام خلیج فارس ہے اور اقوام متحدہ کی دستاویزات میں بھی اس کا نام خلیج فارس درج کیا گیا ہے۔
خلیج فارس نہ صرف مغربی ایشیا اور براعظم ایشیا بلکہ دنیا میں اہم خصوصیات کا حامل ہے جس کے رشتے ہزاروں برس سے ایرانی تہذیب و تمدن سے جڑے ہوئے ہیں۔ یہ وسیع وعریض آبی خطہ جنوبی اورجنوب مغربی ایران میں ایران کے صوبوں خوزستان، بو شہراور ہرمزگان کے کچھ علاقوں کے درمیان واقع ہے اور طویل سواحل کے ساتھ، سات ملکوں منجملہ متحدہ عرب امارات، بحرین، عراق، سعودی عرب، عمان، قطر اور کویت کی سرحدوں سے جاملتا ہے۔