اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت کا مطالبہ؛ ایران
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب امیرسعید ایروانی نے فلسطین کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے غزہ میں فوری، بلا شرط، منصفانہ اور مستحکم قیام امن اور اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت کا مطالبہ کیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب امیرسعید ایروانی نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت نے غزہ کو خاک کے ڈھیر میں تبدیل اور اس کے دسیوں ہزار رہنے والوں کو وحشیانہ انداز میں قتل عام کیا ہے اور اب غرب اردن پر بھی قبضہ جمانا چاہتی ہے۔
امیرسعید ایروانی نے کہا کہ نام نہاد ابراہیمی معاہدہ فلسطین کے مسئلے کے پرامن حل کے لیے بنا ہی نہیں تھا بلکہ اس کا واحد مقصد تل ابیب کی اشتعال انگیزی کو ہوا دینا اور فلسطین اور پورے خطے میں عدم استحکام پھیلانا تھا۔ انہوں نے غزہ میں فوری، مستقل، مستحکم اور منصفانہ جنگ بندی کے نفاذ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر طرح کی جنگ بندی مین فلسطینی عوام کے حقوق کی مکمل ضمانت ہونی چاہیے۔ اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کہا کہ جبری طور پر فلسطینیوں کی نقل مکانی، نام نہاد پرامن علاقوں یا بفر زون کی تشکیل یا غزہ والوں کو کسی تیسرے ملک میں بھیجنے کی ہر طرح کی کوشش کو مسترد کیا جاتا ہے۔انہوں نے زور دیکر کہا کہ اقوام متحدہ کے منشور کی چوتھی شق کے مطابق، سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے کہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دلوائے۔