کسی بھی قیمت پر ہتھیار نہیں ڈالیں گے؛ شیخ نعیم قاسم
حزب اللہ کے سربراہ شیخ نعیم قاسم نے مزاحمت کو غیر مسلح کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان پر صہیونی قبضے کی سازش ناکام بنائیں گے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے شہید فواد شکر کی پہلی برسی پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی آج حزب اللہ سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کر رہا ہے، وہ دراصل اسرائیل کو وہ ہتھیار سونپنے کی سازش کر رہا ہے۔ ہم نہ ہتھیار ڈالنے کو تیار ہیں اور نہ ہی دشمن کے سامنے سر جھکانے کے لیے آمادہ ہیں۔
نعیم قاسم نے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ غزہ میں روزانہ کی بنیاد پر منظم اور منصوبہ بندی کے تحت جنگی جرائم کا ارتکاب کررہے ہیں۔ دنیا کے کسی بھی جرم کا موازنہ ان مظالم سے نہیں کیا جاسکتا۔ دنیا کو چاہیے کہ متفقہ موقف کے ساتھ اسرائیل کے خلاف کھڑی ہو۔ نعیم قاسم نے واضح کیا کہ حزب اللہ نے ثابت کیا ہے کہ وہ لبنان میں حکومت سازی کی بنیادی رکن ہے۔ یہ محض ایک عسکری قوت نہیں بلکہ ایک عوامی اور سیاسی طاقت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم لبنان کو اسرائیل کا حصہ نہیں بننے دیں گے، چاہے پوری دنیا اکٹھی ہو جائے۔ ہم ہرگز اجازت نہیں دیں گے کہ لبنان کو یرغمال بنایا جائے۔ جو آج اسلحہ ڈالنے کی بات کرتا ہے، وہ دراصل لبنان کی طاقت دشمن کو سونپنا چاہتا ہے۔