Sep ۲۴, ۲۰۲۲ ۱۰:۱۰ Asia/Tehran

ایرانی عوام نے حالیہ فسادات میں ملوث افراد سے خود کو الگ کرتے ہوئے امن و استحکام کے قیام کے لئے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران میں حالیہ دنوں میں پر تشدد واقعات اور فسادات کے بعد جمعے کے روز ایران کے مختلف شہروں میں فسادات اور مذہبی مقدسات کی توہین کے خلاف مظاہرے ہوئے اور ایرانی عوام نے اس کی شدید مذمت کی۔

اس موقع پر مظاہرین نے پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔  دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ کے بعد تہران یونیورسٹی سے ایکی ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں بینرز، پلے کارڈ اور اسی طرح رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور شہید جنرل قاسم سلیمانی کی تصاویر تھیں۔

مظاہرین انقلاب اسلامی اور رہبر انقلاب اسلامی کے حق میں اور منافقین اور دشمنوں کے خلاف زبردست نعرے لگا رہے تھے۔

دارالحکومت تہران  کی طرح ایران کے دوسرے شہروں من جملہ ہمدان، زنجان، مشہد مقدس، قم، شیراز اور یزد میں بھی بڑی بڑی ریلیاں نکالی گئیں اورزبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

یاد رہے کہ بلوائیوں اور شرپسندوں نےایران میں نوجوان لڑکی مہسا امینی کی موت کو بہانہ بنا کر ہنگامے کئے، عمومی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور فائر بریگیڈ کی 23 گاڑیوں، 43 بسوں اور 54 بس اسٹینڈ کو بری طرح نقصان پہنچایا۔

ٹیگس