ایرانی فورسز نے جان کی بازی لگا کر موساد کے 10 جاسوس گرفتار کر لئے
ایران میں بد نام زمانہ جاسوسی کی تنظیم موساد کے 10 جاسوسوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
سحر نیوز/ ایران: ایرانی عدلیہ کے شعبہ تعلقات عامہ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی سرگرم انٹیلی جنس فورسز نے موساد کیلئے کام کرنے والے ان جاسوسوں کو مغربی صوبے آذربائیجان سے گرفتار کیا۔
گرفتار ہونے والے جاسوس، موساد تنظیم کے افسران کی براہ راست ہدایت سے ایران کی سکیورٹی فورسز سے تعاون کرنے والے افراد کی نشاندہی کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اغوا کرنے، دھمکیاں دینے اور تشدد کرکے معلومات حاصل کرتے تھے۔
اس گروہ کے اراکین موساد جاسوس تنظیم کے چند افسران سے براہ راست رابطے میں تھے۔
ان افراد نے کئی مواقع پر غاصب صہیونی ریاست کے ایجنٹوں اور موساد کے افسروں سے اپنے مشن کی تکمیل کے لیے بڑی رقم بھی وصول کی تھی۔
گرفتار ہونے والے مذکورہ جاسوسوں نے موساد کے افسران کے ساتھ ویڈیو مواصلات کے ذریعے براہ راست رابطہ کیا تھا اور یہ گروہ مغربی آذربائیجان، تہران اور ہرمزگان صوبوں میں کارروائیاں کرتا تھا۔
اس گروہ کے ارکان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے سیکورٹی اداروں سے متعلق بعض افراد کی گاڑیوں اور گھروں کو آگ لگا دی اور تصاویر لے کر موساد کے افسران کو بھیج کر نقد رقم وصول کی۔
ان لوگوں نے بعض اوقات، اسلامی جمہوریہ کی سیکورٹی اور انٹیلی جنس فورسز کے جوانوں کو قتل کرنے کی کوشش بھی کی تھی جو خوش قسمتی سے ناکام رہی۔