Oct ۲۷, ۲۰۲۲ ۱۱:۲۰ Asia/Tehran
  • دہشتگردوں کو ایسا جواب دیں گے جس سے وہ اپنے مذموم فعل پر پشیمان ہوں گے: صدر ایران

سید ابراہیم رئیسی نے بدھ کے روز اپنے پیغام میں شاہ چراغ مقدس مزار پر فائرنگ کے حملے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے شہر شیراز میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے سیکورٹی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مجرموں کو ایسا جواب دیں گے جس سے وہ اپنے مذموم فعل پر پشیمان ہوں گے۔

سید ابراہیم رئیسی نے بدھ کے روز اپنے پیغام میں شاہ چراغ مقدس مزار پر فائرنگ کے حملے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردانہ حملہ اسلامی جمہوریہ ایران کے دشمنوں کا ایک اور جرم ہے۔ صدررئیسی نے کہا کہ ماضی کے تجربات سے پتہ چلتا ہے کہ دشمن ایرانیوں کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے میں اپنی ناکامی کی تلافی دہشت گردی اور تشدد کی کارروائیوں کے ذریعے کرتے ہیں۔

ایرانی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ یہ برائی یقینی طور پر لا جواب نہیں رہے گی اور سیکورٹی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس اندھے جرم کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو پہچان کر ملوثوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔

واضح رہے کہ ایک تکفیری دہشتگرد نے بدھ کے روز مقامی وقت کے مطابق 17 بج کر 45 منٹ پر حضرت شاہ چراغ کے روضے پر فائرنگ کردی۔

اس دہشت گردانہ واقعے میں اب تک 15 افراد شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوئے ، دہشتگرد گروہ داعش نے واقعہ کی ذمہ داری قبول کی۔

ٹیگس