Oct ۰۴, ۲۰۲۳ ۱۰:۰۹ Asia/Tehran
  • ایران: داعش کا نیٹ ورک تباہ 7 داعشی دہشتگرد گرفتار

صوبہ کرمان میں ایک کامیاب کارروائی کے دوران تکفیری گروه داعش سے وابستہ 7 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

سحرنیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صوبے کرمان کی عدلیہ کے پراسیکیوٹر مہدی بخشی  نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس ادارے کے جوانوں نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد گروہ داعش سے وابستہ 7 عناصر کو گرفتار کرلیا ہے۔

مہدی بخشی نے کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش، صوبے میں تخریبی کارروائی کرتے ہوئے بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کررہا تھا لیکن قبل از وقت اس کی شناخت کرلی گئی اور سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو تباہ کر کے دہشتگردی کی ان کی کوشش کو ناکام بنادیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کا مقصد ملک کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنا اور مختلف  علاقوں میں بدامنی پھیلانا تھا لیکن اللہ کے کرم سے بروقت اسے ناکام بنادیا گیا ہے۔

کرمان کی عدلیہ کے پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ دشمن ممالک نے حالیہ مہینے میں ملک میں حالات کو خراب کرنے اور بدامنی پھیلانے کی متعدد مرتبہ کوشش کی اور تکفیری عناصر کو اپنے مذموم مقاصد کے لئے استعمال کیا لیکن ملک کے سیکیورٹی اداروں نے ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن اور دہشتگردوں کی ہر کوشش کو ناکام بنادیا۔

 

ٹیگس