May ۲۷, ۲۰۲۴ ۱۱:۴۹ Asia/Tehran
  • ایران کی بارہویں پارلیمنٹ نے حلف اٹھا لیا

ایران کی بارہویں پارلیمنٹ کی افتتاحی تقریب آج مجلس شورائے اسلامی میں منعقد ہوئی جس میں منتخب ارکان کے علاوہ اعلیٰ سول و فوجی حکام اور غیرملکی سفرا بھی موجود تھے۔

سحرنیوز/ ایران: افتتاحی تقریب میں عدلیہ کے سربراہ، تہران میں متعین مختلف ممالک کے سفراء، مجلس شورائے اسلامی کے سابق اسپیکر حضرات اور رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے کے علاوہ بعض پاسبان حرم شہداء کے اہل خانہ، ایران کے قائم مقام صدر اور وزراء شریک ہوئے۔

پارلیمنٹ کی افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے نے آپ کا پیغام پڑھ کر سنایا۔

اس موقع پر آئین کی شق 67 کے تحت نو منتخب ارکان نے اپنی رکنیت کا حلف اٹھایا۔ اس سے پہلے پارلیمنٹ کے سینیئر ارکان پر مشتمل پریزائیڈنگ کمیٹی کے ارکان نے اپنی ذمہ داریاں سبھنالیں جو نئے اسپیکر کے انتخاب تک اپنی ذمہ داری نبھاتے رہیں گے۔

نومنتخب ارکان اسمبلی آج شام جنوبی تہران میں واقع بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) علیہ کے مزار پر حاضری بھی دیں گے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے ایک خصوصی پیغام میں ملک کو درکار ایک شایان شان پارلیمنٹ کے لئے دیگر ارکانِ ملک کے ساتھ منضبط اور ہمدلانہ تعاون اور درستگی کے ساتھ ساتھ صبر و بردباری پر مبنی رویے کو اہم قرار دیا۔ آپ نے فرمایا کہ پارلیمنٹ کو ملک کے لئے ہمیشہ اطمینان بخش، امید و ہمت افزا اور ملکی عوام کو اتحاد و بھائی چارے کی ترغیب دلانے والا ہونا چاہیئے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ حلف اٹھانے کا عمل کوئی نمائشی عمل نہیں ہے بلکہ یہ ایک ایسا عمل ہے جس کے بعد فرد پر دنیوی اور اخروی دونوں اعتبار سے کچھ فرائض اور ذمہ داریاں عائد ہو جاتی ہیں اس لئے حلف اٹھانے والا ہر رکن پارلیمنٹ حلف نامے کے ایک ایک بند کو ہمیشہ اپنے مد نظر رکھے۔

ٹیگس