Jun ۱۷, ۲۰۲۴ ۲۰:۱۴ Asia/Tehran
  • برکس گيمز کے دوران ایران کی اسلامی آزاد یونیورسٹی کی  ایک اور کامیابی

کازان میں جاری برکس گيمز کے دوران ایران کی اسلامی آزاد یونیورسٹی کی روئنگ ٹیم نے ایک اور کامیابی حاصل کی۔

سحر نیوز/ ایران:  ایران کی ٹیم کازان مقابلوں میں شریک دیگر ایشیا ٹیموں کے مقابلے میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ کیمیا زری، ساقی ملکی، مہنا حاجی حسینی اور آیگین کریمی پر مشتمل چار رکنی ٹیم نے روئینگ کے فائنل میں روس، بیلاروس اور قازقستان کی ٹیموں کا مقابلہ کیا۔ایران کی روئنگ ٹیم نے مقررہ فاصلہ سات منٹ دس اعشاریہ تین چھے دو سیکنڈ میں طے کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی اور کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

ایران کی ٹیم کازان مقابلوں میں شریک دیگر ایشیا ٹیموں سے آگے رہی۔ روس کی ٹیم نے مقررہ فاصلہ چھے منٹ پینتالیس اعشاریہ چھے نو دو سیکنڈ جبکہ بیلاروس نےچھے منٹ اکیاون اعشاریہ صفر چھے نوسیکنڈ کے ریکارڈ کے ساتھ سونے اور چاندی کے تمغے حاصل کیے۔

برکس گيمز میں روئنگ کے مقابلے تیرہ جون کو روس کے شہر کازان میں شروع ہوئے جو گزشتہ روز سولہ جون تک جاری رہے جس میں میزبان ملک روس کے علاوہ ایران، ازبکستان، قازقستان، آرمینیا، متحدہ عرب امارات، ہندوستان، بیلاروس، سربیا اور جمہوریہ آذربائیجان شریک تھے۔

ٹیگس