Aug ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۵:۵۲ Asia/Tehran
  • بحرین کے مسائل کا حل سیاسی طریقے سے ہی ممکن ہے، نبیل رجب

بحرین کے انسانی حقوق مرکز کے سربراہ نے کہا ہے کہ ان کے ملک کے بحران کا خاتمہ، صرف سیاسی طریقے سے ہی ممکن ہے۔

العالم نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے انسانی حقوق مرکز کے سربراہ نبیل رجب نے جمعرات کے دن اپنے ٹوئیٹر پر لکھا ہے کہ بحرین کے بحران کا حل صرف سیاسی طریقے سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی قومی آشتی سے، کہ جس سے انصاف، برابری اور انسانی حقوق کا احترام جیسے اقدار کو فروغ دیا جا سکے، بحران کا حل نکالا جا سکتا ہے۔ تاہم نبیل رجب نے تاکید کے ساتھ کہا کہ انسانی حقوق کے مسئلے پر کسی بھی قسم کی کوئی گفتگو نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بحرین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی، تشدد، بدسلوکی، سیاست کے میدان میں سرگرم عمل شخصیات کو نشانہ بنانے اور مسلمانوں سے امتیازی سلوک کا سلسلہ جلد از جلد بند کئے جانے اور ان مسائل پر سیاسی مسائل سے ہٹ کر توجہ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔ بحرین کے انسانی حقوق مرکز کے سربراہ نے کہا کہ یہ تمام خلاف ورزیاں انسانی اقدار کے لحاظ سے اور دنیا کی نظر میں بھی ناقابل قبول ہیں اور نہ صرف ان پر بلا تاخیر توجہ دیئے جانے بلکہ ان مشکلات کو فوری طور پر ختم کئے جانے کی ضرورت ہے۔ نبیل رجب کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور سیاسی مسائل کو آپس میں ملانے سے قومی آشتی کی سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ بحرینی عوام نے آل خلیفہ کی آمریت کے خلاف سن دو ہزار گیارہ میں پرامن احتجاج کا سلسلہ شروع کیا تھا جو اب بھی بدستور جاری ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بحرینی عوام اپنے ملک میں جمہوریت، سیاسی اصلاحات اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔