سعودی کمانڈوز کی مسجد پر حملہ کرنے والے کی شناخت
Aug ۰۸, ۲۰۱۵ ۱۸:۳۹ Asia/Tehran
سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ ملک کی خصوصی کمانڈو فورس کی مسجد پر حملے میں ملوث شخص کا پتہ لگا لیا گیا ہے-
اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ سعودی عرب کے صوبہ عسیر کے ابہا شہر میں واقع خصوصی کمانڈو فورس کی مسجد پر ہونے والے حالیہ حملے میں ملوث شخص کا پتہ لگا لیا گیا ہے- ان کا کہنا تھا کہ اس حملے میں اکیس سالہ سعودی شہری یوسف سلیمان عبداللہ السلیمان کا ہاتھ ہے- سعودی وزارت داخلہ نے ابہا مسجد پر حملے کا شکار ہونے والے افراد کے حتمی اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس دہشت گردانہ حملے میں پندرہ نمازی مارے گئے جن میں گیارہ سعودی عرب کی خصوصی کمانڈو فورس کے اہلکار اور چار بنگلہ دیشی مزدور تھے- واضح رہے کہ جمعرات کے روز سعودی عرب کے ابہا شہر میں سعودی عرب کی خصوصی کمانڈو فورس کی مسجد پر نماز ظہر کے بعد خود کش حملہ ہوا تھا- قابل ذکر ہے کہ ماہرین نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ آل سعود حکومت علاقائی ممالک کے امور میں مداخلت اور دہشت گردوں کی مالی اور افرادی قوت کے لحاظ سے مدد کرکے جزیرہ نمائے عرب میں بدامنی میں اضافے کا سبب بنے گی-