حزب اصلاح کے ایک رہنما تحریک انصار اللہ میں شامل
Aug ۱۰, ۲۰۱۵ ۱۲:۱۴ Asia/Tehran
یمن کے مفرور صدر منصور ہادی سے وابستہ اصلاح پارٹی کے ایک رہنما نے تحریک انصار اللہ کی حمایت کا اعلان کیا ہے-
یمن کے المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی اصلاح پارٹی کے رہنما شیخ عبد الواحد الاشقص نے عوامی انقلابی تحریک انصار اللہ میں شامل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ داعش اور القاعدہ دہشت گردوں اور آل سعود سے وابستہ آلہ کاروں کے خلاف اس تحریک کی جد و جہد کی بھرپور حمایت کرتے ہیں- یمن کی اصلاح پارٹی کے جنرل سیکریٹری عبدالوھاب الانسی نے بھی دو مہینے قبل ایک بیان میں یمن کے خلاف بیرونی ممالک کی فوجی جارحیت اور بے گناہ عوام کا خون بہائے جانے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے پارٹی سے استعفی دیتے ہوئے پارٹی کے تمام سیاسی و تنظیمی کاموں سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کر دیا تھا- اس سے قبل یمن کے سابق صدر علی عبد اللہ صالح نے بھی تحریک انصار اللہ کو اپنے ملک کا حقیقی حامی و محافظ قرار دیتے ہوئے اس کی مکمل حمایت جاری رکھنے پر تاکید کی تھی- دوسری جانب یمن کے خلاف سعودی عرب کے جرائم کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے اتوار کی رات صوبہ " اب " کے الرضمہ علاقے پر حملہ کرکے پندرہ یمنی شہریوں کو شہید اور بیس دیگر کو زخمی کر دیا- سعودی لڑاکا ہیلی کاپٹروں نے بھی صوبہ حجہ کے رہائشی علاقوں پر حملے کئے اور رہائشی مکانات اور شہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچایا- واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادی، چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے مفرور و مستعفی صدر منصور ہادی کو اقتدار میں واپس لانے کے لئے جارحانہ حملے کر رہے ہیں- ان حملوں میں اب تک تین ہزار سے زیادہ افراد شہید ہو چکے ہیں-