یوم آزادی کے موقع پر بحرین میں عوامی احتجاج میں تیزی
Aug ۱۳, ۲۰۱۵ ۲۱:۳۰ Asia/Tehran
بحرین کے عوام نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے احتجاج میں تیزی لاتے ہوئے سیاسی قیدیوں اور حکومت مخالف رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق منامہ میں عوام نے جمعرات کو احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے اپنے مطالبات کے پورے ہونے پر زور دیا ہے۔ یاد رہے کل جمعہ یحرین کا یوم آزادی ہے۔ مظاہرین نے بحرین کے پرچم، سیاسی قیدیوں بالخصوص شیخ علی سلمان کی تصویریں اٹھا رکھی تھیں۔ شیخ علی سلمان بحرین کی جمعیت وفاق ملی کے سربراہ ہیں۔ مظاہرین نے سیاسی رہنماؤں کی فوری رہائی پر تاکید کی۔ ادھر بحرین کے ایک سرگرم صحافی حسین یوسف نے کہا ہےکہ بحرینی عوام کل جمعے کو یوم آزادی کے موقع پر لؤلؤ اسکوائر پر جمع ہوں گے اور وہ دوبارہ اس اسکوائر پرجمع ہو کر آل خلیفہ کو یاد دہانی کرائیں گے کہ وہ اب بھی میدان میں ہیں اور اپنی تقدیر کا خود فیصلہ کرنے کا حق رکھتے ہیں۔