بحرین میں جمہوری نظام کی تشکیل پر شیخ علی سلمان کی تاکید
Aug ۱۵, ۲۰۱۵ ۱۴:۴۷ Asia/Tehran
بحرین کی قومی جمعیت الوفاق اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ علی سلمان نے بحرین میں جمہوری نظام کی تشکیل پر تاکید کی ہے-
تسنیم خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بحرین کی قومی جمعیت الوفاق اسلامی نے کہا ہے کہ جمعیت الوفاق اسلامی کے سربراہ شیخ علی سلمان نے بحرین کے یوم آزادی، چودہ اگست، کی مناسبت سے اپنے پیغام میں تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ بحرین کو بحران سے نکلنے کے لئے جمہوری نظام کی ضرورت ہے جس میں حکومت عوام کی منتخب کردہ ہو- شیخ علی سلمان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بحرین کو امن و استحکام والے وطن میں تبدیل ہونا چاہئے جس میں تمام لوگ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کی کوشش کر سکیں- شیخ علی سلمان نے اپنے ملک کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جمہوری حکومت کی تشکیل اور اقتدار کی پرامن منتقلی تک اپنی تحریک جاری رکھیں - واضح رہے کہ آل خلیفہ حکومت کی عدالت نے گزشتہ سولہ جون کو شیخ علی سلمان کو لوگوں کو حکومت کے خلاف اکسانے کے الزام میں چار سال قید کی سزا سنائی تھی جس پر بحرین اور علاقے میں اور بین الاقوامی سطح پر بھی شدید تنقید ہوئی- بحرین میں دو ہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف عوامی احتجاج جاری ہے اور عوام آل خلیفہ کی شاہی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کو روکنے، عوامی حکومت کی تشکیل، سیاسی اصلاحات اور سیاسی قیدیوں کی آزادی کا مطالبہ کر رہے ہیں-