Aug ۱۵, ۲۰۱۵ ۱۵:۰۲ Asia/Tehran
  • منصور ہادی کے ایجنٹوں اور جنوبی یمن کی تحریک کے درمیان جھڑپیں

جنوبی یمن کی تحریک اور مفرور سابق صدر منصور ہادی کے ایجنٹوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں-

موصولہ رپورٹ کے مطابق جنوبی یمن کے صوبہ عدن کے کئی علاقوں میں ہفتے کے روز جنوبی یمن کی تحریک اور یمن کے مفرور سابق صدر منصور ہادی کے ایجنٹوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں- ان علاقوں میں اسی کے ساتھ ساتھ القاعدہ کے مسلح افراد سے بھی جنوبی یمن کی تحریک کی جھڑپیں ہوئی ہیں- ادھر سعودی لڑاکا طیاروں نے عدن بندرگاہ پر جنوبی یمن کی تحریک کا کنٹرول ہونے اور سعودی عرب سے وابستہ مسلح گروہوں کو اس علاقے سے نکال باہر کئے جانے کے بعد جنوبی یمن کی تحریک کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے- دریں اثنا صوبہ عدن کے علاقے التواہی میں یافع قبائل اور القاعدہ کے عناصر کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں متعدد افراد ہلاک اور زحمی ہو گئے ہیں- عدن کے مرکز میں المعاشیق محل میں جنوبی یمن کی تحریک اور مسلح افراد کے درمیان بھی جھڑپیں ہونے کی اطلاعات ہیں- ایک اور رپورٹ کے مطابق یمن کی فوج اور عوامی فورس کے افراد نے نجران علاقے میں سعودی فوجی ٹھکانوں پر انتیس میزائل داغے ہیں- اس حملے میں سعودی عرب کا ایک ٹینک اور دو فوجی گاڑیاں تباہ ہو گئیں- اس حملے میں بہت سے سعودی فوجیوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں-