شیعہ و سنی کے درمیان اتحاد ضروری: شیخ نعیم قاسم
Aug ۱۵, ۲۰۱۵ ۱۵:۱۶ Asia/Tehran
حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے شیعہ و سنی کے درمیان وحدت و اتحاد کو ضروری قرار دیا ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں منعقدہ ورلڈ اہلبیت اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے دوران حزب اللہ کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ مذاھب کے درمیان مقابلہ آرائی اور رقابت کا کوئی جواز نہیں ہے، دشمن کے مقابلے میں استقامت، اسلام کے فروغ، گمراہی اور کفر سے مقابلے کی ضرورت پر تاکید کی۔ شیخ نعیم قاسم نے شیعہ سنی فرقوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے قیام کو ضروری قرار دیا اور کہا کہ دشمن سے مقابلے میں اسقامت و پائیداری، تکفیری چیلنجوں اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کا مناسب ترین راستہ ہے۔ حزب اللہ کے نائب سربراہ نے مسئلہ فلسطین پر توجہ اور کسی قسم کی فتنہ انگیزی کے بغیر تکفیری افکار و نظریات سے مقابلے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کی سلامتی ایران سمیت خطے کے تمام ممالک کے درمیان تعاون کے ذریعے ہی عمل میں لائی جا سکتی ہے بصورت دیگر پورا خطہ بدامنی کی لپیٹ میں آ جائے گا۔ شیخ نعیم قاسم نے شام کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد گروہ شام کے خلاف کی جانے والی سازشیں ناکام ہو گئی ہیں لھذا شام کے بحران کو صرف سیاسی طریقے سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ حزب اللہ کے نائب سربراہ نے ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے درمیان ہونے والے اتفاق رائے کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ اس سمجھوتے سے استقامتی تحریکوں پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔