Aug ۱۷, ۲۰۱۵ ۱۱:۵۶ Asia/Tehran
  • بحرین میں حکومت مخالف مظاہرے جاری

بحرین میں حکومت مخالف عوامی احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے-

اطلاعات کے مطابق بحرین میں آل خلیفہ کی ڈکٹیٹر حکومت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اتوار کو الدیہ، الدراز اور کرزکان علاقوں میں لوگوں نے مظاہرے کر کے انقلابی اہداف کے حصول تک اپنی تحریک جاری رکھنے کا اعلان کیا- مظاہرین نے اعلان کیا کہ بحرینی عوام کا انقلاب جائز اور قانونی مطالبات کے حصول تک جاری رہے گا- مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینر اٹھا رکھے تھے جن پر آل خلیفہ حکومت کی سرنگونی اور بحرینی قوم کے درمیان انصاف اور مساوات برقرار کرنے والے نئے سیاسی نظام کے قیام کے مطالبات لکھے ہوئے تھے- یہ مظاہرے نوجوانان چودہ فروری نامی اتحاد کی اپیل پر ہوئے جن میں بحرین میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی- ادھر بحرین کی قومی جمعیت الوفاق اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے ایک بیان جاری کر کے ملک میں ایک جمہوری حکومت کی تشکیل تک آل خلیفہ حکومت کے ساتھ پرامن مذاکرات اور عوامی جدوجہد جاری رکھنے پر تاکید کی ہے- بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک کو بحران سے نکلنے کے لئے قانونی جمہوری حکومت پر مبنی نئے مرحلے میں داخل ہونے کی ضرورت ہے- فابل ذکر ہے کہ شیخ علی سلمان بحرین کی ان سیاسی شخصیات میں شامل ہیں کہ جن کو چار سال قید کی سزا سنائی گئی ہے-