Aug ۱۸, ۲۰۱۵ ۱۵:۵۷ Asia/Tehran
  • بحرین کے قانونی امور میں نظرثانی کی ضرورت پر تاکید

بحرین کے انسانی حقوق کے مرکز نے ملک میں قانونی امور پر نظر ثانی اور ڈیموکریسی کے استحکام کا مطالبہ کیا ہے-

لبنان کی العہد ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے انسانی حقوق کے مرکز میں دینی آزادی کے شعبے کے سربراہ شیخ میثم السلمان نے امید ظاہر کی ہے کہ ملک میں شہری حقوق کو مستحکم کیا جائے گا- شیخ السلمان نے بحرین میں ڈیموکریسی کے فروغ اور استحکام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں شہری حقوق ایسے مرحلے پر پہنچ جانے چاہئیں کہ جس میں سیاسی اور قبائلی اختلافات کی کوئی جگہ باقی نہ رہ جائے- بحرین کے انسانی حقوق کے مرکز کے مذہبی شعبے کے سربراہ نے مزید کہا کہ یہ ملک، تمام بحرینیوں کا ہے اور بین الاقوامی مبصرین یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس ملک کے حکام نے سماج کی اقلّیت اور اکثریت کے حقوق پامال کئے ہیں- شیخ السلمان نے بحرین کے قانونی امور پر نظرثانی کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک کے عوام کے تمام مسائل اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باوجود اکثر بحرینی شہری، اس ملک میں سیاسی اصلاحات، جمہوریت کی اہمیت اور شہریوں کے مساوی حقوق پر تاکید کرتے ہیں- واضح رہے کہ بحرین میں سن دو ہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کی آمریت کے خلاف مظاہرے جاری ہیں- بحرینی مظاہرین، آل خلیفہ کی سرکوبی کی پالیسیاں روکے جانے، عوامی حکومت کی تشکیل، سیاسی اصلاحات اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں-