Aug ۱۹, ۲۰۱۵ ۲۰:۲۶ Asia/Tehran
  • اتحاد، امت اسلامیہ کی عظمت کا مظہر، ورلڈ اہل بیت اسمبلی میں شریک علما کا اعلان

ورلڈ اہل بیت اسمبلی کے اجلاس کے شرکا نے اتحاد کو امت اسلامیہ کی پیشرفت اور عظمت اور دشمنوں کے مقابلے میں کامیابی کا ذریعہ قرار دیا ہے۔

ورلڈ اہل بیت اسمبلی کے اجلاس میں شریک شام کے شہر حمص کے امام جمعہ شیخ عبدالمجید عباس نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ علمائے اسلام در حقیقت انبیا کرام(ع) کے حقیقی وارث ہیں اور وہ، اپنے علم اور اپنی صلاحیت کی بنا پر امت اسلامیہ کی،ترقی و عظمت کی جانب ہدایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت اطہار علیہم السلام کے طور و طریقوں کی پیروی کرنے سے انسان کی روحانیت، بیداری اور استقامت کے جذبے میں اضافہ ہوتا ہے۔ شیخ عبدالمجید عباس نے اس بات کی جانب اشارہ کیا کہ شام میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے کا جذبہ، روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔ اس موقع پر کراچی پاکستان کے حکمت نام کے علمی اور ثقافتی مرکز کے سربراہ سید سلمان نقوی نے بھی اس بات پر زور دیا کہ ائمہ معصومین (ع) سے تمسک کے ذریعے عالم اسلام میں اتحاد قائم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے اعلی مقاصد تک پہنچنے کے لئے اتحاد کے اسٹریٹیجک طریقہ کار کو اپنائے جانے کی ضرورت ہے۔ سید سلمان نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ آپس میں رحمت اور مودت سے کام لیں، تاکہ اسلام کے دشمن عناصر ان کے مابین اختلاف ڈال نہ سکیں۔ ورلڈ اہل بیت اسمبلی کے اجلاس میں شریک ترکی کے ایک عالم دین اور ثقافتی امور کے ماہر سید صفدر حسینی نے بھی تکفیری افکار کی ترویج کی بابت خبردار کیا۔ انہوں نے ترکی کے عوام سے درخواست کی کہ وہ، ان عناصر کے ناپاک عزائم کے مقابلے میں ہوشیاری سے کام لیں۔ افریقی ملک کانگو میں ورلڈ اہل بیت اسمبلی کے نمائندے عیسی ام باکی نے بھی کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ داعش جیسے تکفیری دہشت گرد گروہوں کے ناپاک عزائم سے تمام انسانوں کو فوری طور پر باخبر کیا جائے۔