شام کی جانب سے ایران اور حزب اللہ کی قدردانی
Aug ۲۰, ۲۰۱۵ ۱۵:۵۵ Asia/Tehran
شام کے وزیر خارجہ نے دمشق کی حمایت کرنے پر اسلامی جمہوریہ ایران اور حزب اللہ کی قدردانی کی ہے-
شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے مصری روزنامہ، الاخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عرب ممالک نے شام کو تنہا چھوڑ دیا اور خود اس ملک کے بحران کو حل کرنے سے پیچھے ہٹ گئے لہذا انھیں شام کے بحران کے حل میں ایران اور حزب اللہ کے کردار کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے- ولید المعلم نے موجودہ مشکل حالات میں اسلامی جمہوریہ ایران اور حزب اللہ کی جانب سے شام کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دمشق، شام کے بحران کے حل کے لئے تہران کے ہر منصوبے کا خیر مقدم کرتا ہے- شام کے وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب محمد جواد ظریف کے حالیہ دورہ دمشق کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ محمد جواد ظریف نے اس دورے میں اپنے بعض نظریات پیش کئے ہیں- ولید المعلم نے اسلامی جمہوریہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے سمجھوتے کو ایرانیوں کی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ ایرانی حکام نے ہمیشہ ہی اپنے ملک کے عوام کے حقوق کا دفاع کیا ہے اور یہ سمجھوتہ، دنیائے عرب کے حالات پر مثبت اثرات مرتب کرے گا- شام کے وزیر خارجہ نے شام کی زمین میں حائل علاقہ قائم کئے جانے کی، ترکی کی نیت کے بارے میں کہا کہ دمشق اس طرح کے علاقہ قائم کئے جانے کا مخالف ہے- ولید المعلم نے شام اور مصر کے درمیان تعلقات دوبارہ بحال ہونے کی امید ظاہر کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان سیکورٹی تعاون کے امکان کے بارے میں کہا کہ یہ تعاون، دمشق اور قاہرہ کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کا مقدمہ ثابت ہو سکتا ہے-