عراق: عدل و انصاف کی برقراری تک بنیادی اصلاحات جاری رکھنے پر تاکید
Aug ۲۴, ۲۰۱۵ ۱۵:۲۹ Asia/Tehran
عراق کے وزیر خارجہ نے ملک میں عدل و انصاف کی برقراری تک بنیادی اصلاحات جاری رکھنے پر تاکید کی ہے۔
العراقیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے ہفتے کے دن بدعنوانی کے خاتمے اور سرکاری اداروں کی اصلاح سے متعلق اس ملک کے مراجع کرام کی ہدایات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان ہدایات میں عوام کے درمیان اختلافات پر منتج ہونے والی ہر طرح کی وابستگی سے اجتناب، امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور عراق کے دفاع پر تاکید کی گئی ہے۔ ابراہیم جعفری نے عراقی عوام کے اتحاد کے تحفظ میں اس ملک کے مراجع کرام کے موثر کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ مراجع کرام کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ایسا کوئی بھی اقدام نہ کریں جو قومی اتحاد کے کمزور ہونے کا باعث ہو۔ عراق سے ملنے والی ایک اور خبر کے مطابق سپاہ بدر کے سیکریٹری جنرل ہادی العامری نے ہفتے کے دن عراق میں قائم بعض ممالک کے سفارت خانوں کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ عراق کے دشمن مرکزی اور جنوبی صوبوں میں بدامنی پھیلا رہے ہیں۔ ہادی العامری نے دہشت گرد گروہ داعش سے مقابلے کے لئے عراق کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے اہلکاروں کی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عراق میں قیام امن تک اس تکفیری گروہ کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔