عراق کے داخلی امور میں بعض سفارت خانوں کی مداخلت
Aug ۲۴, ۲۰۱۵ ۲۰:۱۰ Asia/Tehran
عراق کی پارلیمنٹ میں خارجہ تعلقات کمیشن کے رکن نے بعض سفیروں پر عراق کے داخلی امور میں مداخلت کا الزام لگایا ہے۔
براثا خبر رساں ایجنسی نے عراق کی پارلیمنٹ میں خارجہ تعلقات کمیشن کے رکن رزاق الحیدری کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ عراق میں قائم بعض سفارت خانے اور قونصل خانے اس ملک کے داخلی امور میں مداخلت کر رہے ہیں۔ رزاق الحیدری کا کہنا تھا کہ بعض سفارت خانے بہت عرصے سے عراق کے داخلی امور میں مداخلت کرتے چلے آ رہے ہیں اور وہ بعض خاص گروہوں کی حمایت کرتے ہیں۔ رزاق الحیدری کا مزید کہنا تھا کہ اس حمایت کی وجہ سے عراق میں فرقہ واریت اور قبائلی اختلافات کا راستہ ہموار ہوا ہے۔ بدر تنظیم کے سیکریٹری جنرل ہادی العامری نے بھی ہفتے کے دن کہا تھا کہ بعض ممالک کے سفارت خانوں کو عراق کے ساتھ اپنے تعاون کی نوعیت پر نظر ثانی کرنی چاہئے اور ان کو جان لینا چاہئے کہ قومی اقتدار اعلی ریڈ لائن ہے اور عراق کے عوام کسی کو بھی مراجع کرام اور مذہبی مقدسات کی بے حرمتی اور توہین کی اجازت نہیں دیں گے۔