Aug ۲۵, ۲۰۱۵ ۲۰:۰۳ Asia/Tehran
  • عبدربہ منصور ہادی سعودی عرب کا آلہ کار: انصار اللہ

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے رکن نے مفرور سابق صدر عبدربہ منصور ہادی کو سعودی عرب کا آلہ کار قرار دیا ہے۔

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے المیادین ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ مفرور سابق صدر منصور ہادی اب یمن میں کسی کے بھی نمائندے نہیں ہیں اور انہوں نے مذاکرات کے لئے جو شرائط پیش کی ہیں درحقیقت ان کی ڈکٹیشن انہیں سعودی عرب نے دی تھی۔ محمد البخیتی نے مزید کہا کہ یمن میں جنگ کرنے والے افراد یا تو جارح ہیں یا وہ عبدربہ منصور ہادی کے حامی ہیں۔ یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی کا کہنا تھا کہ سعودی حکام کے مطالبات وہ نہیں ہیں جو یمنی عوام کے مطالبات ہیں۔ دریں اثنا یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے اسماعیل ولد الشیخ اور یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے وفد کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے اور فریقین بحران کے خاتمے کے لئے ایک مسودے کی تدوین کے بارے میں مذاکرات کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ یمن کے مفرور سابق صدر عبدربہ منصور ہادی نے عمان کے دارالحکومت مسقط میں عوامی تحریک انصاراللہ اور علی عبداللہ صالح کے نمائندوں کے ساتھ یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے کے مذاکرات کے دوران پیش کی جانے والی تمام تجاویز اور سمجھوتوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عوامی تحریک انصاراللہ اور علی عبداللہ صالح کے نمائندوں کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کو قبول نہیں کرتے ہیں۔ سعودی عرب نے بھی اب تک اقوام متحدہ اور ثالثی کرنے والے ممالک کی جانب سے جنگ بندی سے متعلق پیش کی جانے والی تمام تجاویز کو مسترد کیا ہے اور وہ یمن کے مختلف شہروں میں بنیادی تنصیبات، ہسپتالوں اور ادویات اور اشیائے خورد و نوش کے گوداموں کو مسلسل اپنے فضائی حملوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔