Aug ۲۹, ۲۰۱۵ ۲۰:۵۱ Asia/Tehran
  • آل خلیفہ مذہبی امور میں مداخلت نہ کرے: شیخ محمد صنقور

بحرین کے ایک مذہبی رہنما نے دینی امور میں آل خلیفہ کی مداخلت پر تنقید کی ہے۔

رپورٹوں کے مطابق، بحرین کے ایک عالم دین، شیخ محمد صنقور نے آل خلیفہ کی جانب سے مذہبی رہنماؤں کی تقریروں پر پابندی کے قانون پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ دوسری جانب جمعیت الوفاق اسلامی پارٹی نے جمعے کی رات کو بحرین کے دارالحکومت منامہ میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس پارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں پرتشدد اقدامات سے دوری اختیار کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ عوامی تحریک کی اسٹریٹیجی، تشدد سے دوری ہے اور یہ تنظیم ہر قسم کے پر تشدد اقدامات کو سلامتی، قومی مفادات اور بحرینی عوام کے لئے نقصاندہ سمجھتی ہے، چاہے یہ اقدام کسی کی طرف سے بھی کیا گیا ہو۔ ادھر بحرین کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ جمعے کی رات منامہ کی ایک شاہراہ پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ سات افراد زخمی ہو گئے تھے۔ زخمی ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔