Sep ۱۲, ۲۰۱۵ ۱۸:۳۱ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کے اتحادیوں کو یمنی شخصیتوں کا انتباہ

یمن کے سیاستدانوں اور فعال شخصیتوں نے یمن پر حملہ کرنے والے سعودی عرب کے اتحادی ممالک کو خبردار کیا ہے-

یمن کی آزاد پارٹی کے سربراہ ناصر بن یحیی العرجلی نے فارس نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جارح عرب حکومتوں کو جان لینا چاہئے کہ یمن کے امور میں مداخلت جاری رکھنے اور اس ملک میں فوج اور فوجی سازوسامان بھیجنے کے برے نتائج سامنے آئیں گے- العرجلی نے مزید کہا کہ سعودی عرب کا ساتھ دینے والے جن ممالک کے حکمرانوں نے یمن پر حملہ کیا ہے وہ جان لیں کہ یمنی، جارحین کو اپنی زمینوں میں دفن کر دیتے ہیں اور یمن کی تاریخ اس کی گواہ ہے- درایں اثنا یمنی سیاستداں ماجد الحوثی نے کہا ہے کہ ملت یمن نے جمعے کے دن ہونے والے مظاہروں میں بڑے پیمانے پر شرکت کر کے آل سعود کے جرائم کی مذمت کی اور وہ مساوات، سماجی انصاف اور اپنے حقوق کی بازیابی کے سلسلے میں خاموش نہیں رہیں گے - سعودی عرب نے چند عرب ممالک کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ سے یمن پر حملے شروع کر رکھے ہیں- ان حملوں میں اب تک اکثر بنیادی تنصیبات، اسپتال، اور اسکول تباہ ہو گئے ہیں جبکہ تقریبا پانچ ہزار یمنی شہری جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں، شہید ہو چکے ہیں-