سیکورٹی معاہدے پر عمل نہ کرنے کی بنا پر امریکہ پر عبدالباری زیباری کی تنقید
Sep ۱۲, ۲۰۱۵ ۲۱:۱۶ Asia/Tehran
عراقی پارلیمنٹ کے خارجہ تعلقات کمیشن کے نائب سربراہ نے امریکہ کی جانب سے بغداد واشنگٹن سیکورٹی معاہدے پر عمل کرنے کی ضرورت پر تاکید کی ہے-
براثا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی پارلیمنٹ کے خارجہ تعلقات کمیشن کے نائب سربراہ عبدالباری زیباری نے کہا ہے کہ بغداد واشنگٹن سیکورٹی معاہدے کی بنیاد پر امریکہ، جارحین کے حملوں کا جواب دینے میں عراق کی مدد اور حمایت کرنے کا پابند ہے- عبدالباری زیباری نے کہا کہ سیکورٹی معاہدے کے مطابق امریکہ کو غیر ملکی جارحین کے مقابلے میں عراق کا دفاع کرنا چاہیے اور بیرونی جارحیت کی ایک واضح مثال، ترکی کی جانب سے عراق کی فضائی اور زمینی حدود کی خلاف ورزی ہے- عبدالباری زیباری نے مزید کہا کہ عراقی حکومت کو بھی ترکی کی جارحیت پر بھرپور ردعمل ظاہر کرنا چاہئے اور وہ سفارتی طریقوں سے اس کا سلسلہ بند کرائے- عراق کی وزارت خارجہ نے جمعرات کو کہا تھا کہ ترکی کی کچھ فوجی گاڑیوں کا عراق میں داخل ہونا اس ملک کے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی اور دو طرفہ تعلقات کے خراب ہونے کا باعث ہے- ترکی کے کئی لڑاکا طیاروں اور بری فوج نے ، بدھ کو شمالی عراق میں پی کے کے ، کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے بہانے اس ملک کی فضائی اور زمینی حدود کی خلاف ورزی کی تھی-