بحرین میں انسانی حقوق کی صورت حال میں بہتری کے امریکی دعووں کی مذمت
Sep ۱۳, ۲۰۱۵ ۱۷:۰۱ Asia/Tehran
بحرین کے انسانی حقوق مرکز نے بحرین میں انسانی حقوق کی صورت حال میں بہتری کے امریکی دعووں کی مذمت کی ہے-
العالم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے انسانی حقوق مرکز نے ایک بیان جاری کر کے کہا ہے کہ بحرین میں انسانی حقوق کی صورت حال میں بہتری کے امریکی وزارت خارجہ کے دعوے واشنگٹن کو ایسی حکومت کا حامی قرار دیتے ہیں کہ جو اپنی قوم کو کچلنے اور سرکوب کرنے کی عادی ہو چکی ہے- اس بیان میں آیا ہے کہ امریکی حکومت سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے آئںدہ اجلاس میں اس کے ان دعووں کی وجہ سے باز پرس کی جائے گی کیونکہ اس طرح کے دعوے جمہوری اقدار کی کھلی خلاف ورزی کی علامت ہیں جبکہ امریکا ان اقدار کے دفاع کا دم بھرتا ہے- امریکی وزارت خارجہ نے بحرینی شہریوں کے خلاف، جو پرامن طریقے سے اپنے مطالبات کی تکمیل کے خواہاں ہیں، آل خلیفہ کی تشدد آمیز پالیسیوں کی طرف اشارہ کئے بغیر دعوی کیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت نے بحرین میں انسانی حقوق کی صورت حال میں بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کئے ہیں- قابل ذکر ہے کہ انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے فعال بین الاقوامی اداروں نے بحرین کی انسانی حقوق کی صورت حال کے بارے میں خبردار اور آل خلیفہ حکومت کی تشدد آمیز پالیسیوں کو روکے جانے کا مطالبہ کیا ہے-