Sep ۱۵, ۲۰۱۵ ۱۹:۳۸ Asia/Tehran
  • سعودی عرب اور عراق کے وزرائے خارجہ کی ملاقات اور گفتگو

عراق اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے مشرق وسطی کے تازہ ترین حالات کا جائزہ لیا ہے-

موصولہ رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے قاہرہ میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل جبیر سے مشرق وسطی اور دنیا کے حالات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا- ابراہیم جعفری نے اس ملاقات میں عرب ممالک سے مطالبہ کیا کہ ایک ایسا مسودہ منظور کریں جس کی انتہاپسندانہ نظریات کو جرم قرار دیئے جانے اور دہشت گردی کو ختم کرنے پر مبنی عراق نے تجویز دی ہے-
ابراہیم جعفری نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ عراق آئین کی بالا دستی اور قومی تشخص کا پابند ہے اور تمام مذاہب اور اقوام سے تعلق رکھنے والوں کے حقوق کا احترام کرتا ہے، کہا کہ دنیا کے اسی سے زیادہ ملکوں کے دہشت گرد اس وقت عراق پہنچے ہوئے ہیں اور اس ملک نیز پڑوسی ممالک اور علاقے و دنیا کے امن اور سلامتی کے لئے خطرہ بنے ہوئے ہیں- اس ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ عادل جبیر نے بھی تاکید کے ساتھ کہا کہ آئندہ چند دنوں میں سعودی عرب کا سفیر بغداد پہنچ جائے گا اور چوبیس برسوں تک بغداد میں سعودی عرب کا سفارت خانہ بند رہنے کے بعد ایسا ہو گا- اس سے قبل سعودی عرب نے گذشتہ جون کے مہینے میں ثامر بن سبھال السبھان کو بغداد میں ریاض کا سفیر مقرر کیا تھا ۔ انیس سو اکانوے کے بعد سے بغداد میں سعودی عرب کا کوئی سفیر نہیں ہے- ستمبر دو ہزار چودہ میں عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی کی حکومت تشکیل پانے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کئی مہینوں کے مذاکرات کے بعد بغداد کے لئے سعودی عرب کا سفیر مقرر کئے جانے کا فیصلہ ہوا-