مسجدالاقصی کے خلاف اسرائیلی حملوں پر کڑی نکتہ چینی
Sep ۱۷, ۲۰۱۵ ۱۴:۳۳ Asia/Tehran
عالمی تقریب مذاہب اسلامی اسمبلی کے سیکریٹری جنرل آیت اللہ محسن اراکی نے مسجد الاقصی کے خلاف صیہونیوں کے حملوں پر عالم اسلام کی خاموشی کو افسوسناک قرار دیا ہے۔
ایسنا کی رپورٹ کے مطابق عالمی تقریب مذاہب اسلامی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل آیت اللہ محسن اراکی نے تہران میں پاکستان کے علمائے اہل سنت کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ سامراجی ممالک نے صیہونی حکومت کو علاقے میں وجود بخشا ہے تاکہ وہ عالم اسلام کو متحد اور طاقتور بننے سے روک سکیں۔انہوں نے کہا کہ مسجد الاقصی پر صیہونیوں کے پے در پے حملوں پر، عالم اسلام کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے۔
عالمی تقریب مذاہب اسلامی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ صیہونیوں کے جارحانہ اقدامات سے بعض اسلامی ملکوں کی بے توجہی، مسجد الاقصی پر حالیہ حملوں کا باعث بن رہی ہے۔
آیۃ اللہ اراکی نے کہا کہ اسلامی انقلاب کامیابی کے فورا بعد جب امام خمینی (رح) نے عالم اسلام کے اتحاد کا نظریہ پیش کیا تو اسرائیل اور امریکہ کو ایسی طاقت کے وجود میں آنے سے خطرہ لاحق ہوگیا اور انہوں نےمسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی سازشیں تیز کردیں تاکہ اسرائیل کے ناپاک وجود سے توجہ ہٹائی جاسکے۔
آیۃ اللہ اراکی نے علمائے پاکستان اور اس ملک کے با اثر افراد سے بھی اپیل کی کہ وہ پاکستان میں اتحاد و یکجہتی کے ساتھ ساتھ عالم اسلام میں بھی اتحاد کے قیام میں مدد کریں-