شام کی استقامت اور مسجد الاقصی کی حمایت
Sep ۲۴, ۲۰۱۵ ۲۱:۱۰ Asia/Tehran
شام میں مقیم فلسطینیوں نے اس ملک کی استقامت اور مسجد الاقصی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
لبنان کے المنار ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں مقیم فلسطین کے مختلف گروہوں نے جمعرات کے دن ایک سیمینار منعقد کیا۔ جس میں شام کی بعض اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ فلسطینی گروہوں نے مسجد الاقصی کی حمایت کا اعلان کیا اور شام کی استقامت کو فلسطین کے لئے کی جانے والی استقامت قرار دیا۔
جمعیت ایران فلسطین دوستی کے سربراہ عبدالکریم شرقی نے مسجدالاقصی کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت سے متعلق جہادی گروہوں کے بیان کو ناکافی قرار دیا اور کہا کہ صیہونی حکومت صرف اسلحے کی زبان سمجھتی ہے۔
عرب مصنفین کی یونین کے سربراہ حسین جمعہ نے بھی کہا کہ استقامت نہ صرف فلسطینی قوم کے دفاع کے لئے ضروری ہے بلکہ یہ ملت فلسطین کے وقار اور کرامت کے دفاع کے لئے بھی ضروری ہے۔
واضح رہے کہ مسجد الاقصی پر حالیہ ہفتوں کے دوران صیہونی فوجیوں اور آبادکاروں کے حملوں اور سیکڑوں فلسطینیوں کے گرفتار اور زخمی ہونے کے باوجود جمعرات کے دن پچاس ہزار سے زیادہ فلسطینی عیدالضحی کی نماز کے لئے اس مسجد میں اکٹھے ہوئے۔