Sep ۲۵, ۲۰۱۵ ۲۰:۱۳ Asia/Tehran
  • سعودی حکومت پر مقدمہ چلایا جانا چاہئے: ترجمان تحریک انصاراللہ

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے سعودی حکومت پر مقدمہ چلائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے سانحۂ منی اور متعدد حاجیوں کے جاں بحق ہونے پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرب اور غیر عرب مسلمانوں کو صدائے احتجاج بلند کرنی چاہئے اور سعودی عرب کی حکومت پر حجاج کرام کی جان کی حفاظت کے لئے ضروری اقدامات میں کوتاہی کے سبب مقدمہ چلانا چاہئے۔ انہوں نے فریضۂ حج کی ادائیگی کے لئے یمنی شہریوں کو سعودی عرب میں داخل ہونے سے روکنے پر مبنی سعودی حکومت کے اقدام کی ایک بار پھر مذمت کی- محمد عبدالسلام نے یمن کے دارالحکومت صنعا کی مسجد البلیلی میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات سعودی عرب کی طرف سے مذہبی اور فرقہ وارانہ جذبات بھڑکائے جانے کا نتیجہ ہیں- جمعرات کے روز یمن کے دارالحکومت صنعا میں نماز عیدالاضحی کے موقع پر مسجد البلیلی میں دہشت گردانہ بم دھماکا ہوا تھا جس میں انتیس نمازی شہید اور دسیوں زخمی ہوگئے تھے-