نتن یاھو کے بیان پر فلسطینی رہنما کی تنقید
Oct ۰۲, ۲۰۱۵ ۰۹:۰۳ Asia/Tehran
محدود اختیارات کی حامل فلسطینی انتظامیہ نے جنرل اسمبلی میں صیہونی وزیر اعظم کے بیانات پر تنقید کی ہے۔
محدود اختیارات کی حامل فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس کے مشیر نمر حمد نے ساز باز مذاکرات پھر سے شروع کرنے کے لئے نتن یاہو کی درخواست کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہودی کالونیوں کی تعمیر بند ہونے اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی سے پہلے اسرائیل کے ساتھ مذاکرات لا حاصل ہیں۔ اس فلسطینی عہدیدار نے کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے یہودی کالونیوں کی تعمیر جاری رکھ کرامن مذاکرات کو بند گلی میں پہنچا دیا ہے۔ محمود عباس کے مشیر نمر حمد نے بیت المقدس کے واقعات کے بارے میں نتن یاہو کے بیانات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
صیہونی فوجیوں اور یہودی آبادکاروں نے گذشتہ دنوں مسجد الاقصی پر دھاوا بول کر فلسطینی نمازیوں پر حملہ کیا تھا جس دسیوں فلسطینی نمازی زخمی ہوگئے تھے۔ صیہونی فوجیوں نے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار بھی کرلیا تھا۔ صیہونی حکام مسجد الاقصی کو تقسیم کرنے کی گھناؤنی سازش کو عملی جامہ پہنانے کے لئے آئے دن اس مقدس مقام کی بے حرمتی کر رہے ہیں۔