Oct ۱۵, ۲۰۱۵ ۱۱:۲۲ Asia/Tehran
  • سعودی جارحین کا مقابلہ کرنے پر تحریک انصار اللہ یمن کی تاکید

یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ نے سعودی جارحین کا مقابلہ کرنے کو ضروری قرار دیا ہے۔

تحریک انصار اللہ کی سیاسی کونسل نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ یمن میں جو غیرملکی مسلح افراد موجود ہیں وہ جارح ہیں اور ان کا مقابلہ کرنا شرعی، قومی اور اخلاقی طور پر واجب ہے۔ اس بیان میں جارحین کا مقابلہ کرنے میں سستی اور کوتاہی کو یمن کی تاریخ کے ساتھ خیانت قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ جارحین آلہ کار ہیں کہ جنھوں نے اپنے چہروں پر نقاب ڈال رکھا ہے اور ان کا مقابلہ کرنے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یمن کو ایک بڑے خطرے سے دوچار کر دے گی۔ اس سے قبل تحریک انصار اللہ کے سربراہ سید عبدالملک الحوثی نے کہا تھا کہ آل سعود کی حکومت نے مارچ کے مہینے سے یہ سوچ کر کہ وہ یمن کے عوامی انقلاب کو شکست دے سکتی ہے، یمن پر حملے شروع کیے تھے لیکن یمنی عوام کی بےمثال استقامت و مزاحمت نے آل سعود حکومت کو سخت اور دشوار حالات سے دوچار کر دیا ہے۔