Oct ۲۴, ۲۰۱۵ ۱۰:۳۲ Asia/Tehran
  • یمن پر حملہ سعودی عرب، امریکہ اور صیہونی حکومت کی سازش

یمن کی اعلی انقلابی کونسل کے نائـب سربراہ نے کہا ہے کہ القاعدہ اور داعش دہشتگرد گروہ سعودی عرب نے بنائے ہیں۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق نایف احمد نے پریس ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ یمن پر سعودی عرب کی جارحیت امریکہ اور صیہونی حکومت کی سازش ہے۔ نایف احمد نے کہا کہ یمن پر سعودی عرب کے حملوں کا مقصد اسرائیل کو تسلیم کروانا، ایران کا مقابلہ کرنا نیز یمن اور شمالی افریقہ میں تیل کے ذخائر پر قبضہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا یہ کہنا غلط ہے کہ عبد ربہ منصور ہادی کی حکومت قانونی حکومت ہے کیونکہ یمن پر سعودی عرب کے حملوں کا حقیقی مقصد یمنی گروہوں کے سمجھوتے کو ناکام بنانا تھا۔ انہوں نے یمن میں داعش اور القا‏عدہ کے خلاف جاری جدوجہد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ برس اکیس ستمبر کے انقلاب نے دہشتگردی کے خلاف امریکی جدوجہد کا جھوٹ ہونا ثابت کردیا کیونکہ القاعدہ اور داعش سعودی عرب کے وہابی مکتب فکر سے نکلے ہوئے گروہ ہیں۔ نایف احمد نے کہا کہ جب تک آل سعود کی حکومت ختم نہیں ہوجاتی اور وہابی انتہا پسند طرز فکر کا خاتمہ نہیں ہوتا دہشتگردی باقی رہے گی۔ ادھر یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل شیخ احمد نے کہا ہے یمنی عوام کی صورتحال نہایت المناک ہے۔ اسماعیل شیخ احمد نے جمعے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی نشست میں کہا کہ وہ یمن کے فریقوں کے مذاکرات شروع کروانے کی کوشش کررہے ہیں تاہم سعودی عرب کی جانب سے مسلط کئے گئے سمندری اور بری محاصرے کی وجہ سے یمن کے عوام کی صورتحال نہایت افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اور اسکے اتحاد کے حملوں کے نتیجے میں سامنے آنے والی المناک صورتحال کے علاوہ سعودی عرب کے ہاتھوں یمن کے سمندری اور بری محاصرے نے عوام کو ناقابل برداشت صورتحال سے دوچار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کے گروہ اب سمجھ چکے ہیں کہ ان کے ملک کا بحران فوجی راستے سے حل نہیں ہوسکتا بلکہ امن مذاکرات کے ذریعے وہ بہتر مستقبل بنا سکتے ہیں۔