مشرقی دمشق میں فائر بندی کے نفاذ کی تردید
Nov ۱۹, ۲۰۱۵ ۰۷:۳۳ Asia/Tehran
شام کے قومی آشتی کے وزیر علی حیدر نے دارالحکومت دمشق کے مشرقی علاقوں میں فائر بندی کے نفاذ سے متعلق رپورٹوں کی سختی سے تردید کی ہے۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شام کے قومی آشتی کے وزیر علی حیدر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان رپورٹوں میں کوئی سچّائی نہیں ہے کہ دمشق کے علاقے مشرقی غوطہ میں فائر بندی کا نفاذ عمل میں آیا ہے۔
ان کا یہ بیان ایسی حالت میں سامنے آیا ہے کہ شامی مخالفین کے بعض قریبی ذرائع نے رپورٹ دی تھی کہ جمعرات کے روز سے شام کی فوج اور دہشت گردوں کے درمیان پندرہ روز کی فائر بندی پر عمل شروع ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ شامی فوج نے حال ہی میں عوامی رضاکاروں اور اپنے اتحادیوں کے تعاون و مدد سے دہشت گردوں کے مقابلے میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔