Dec ۱۱, ۲۰۱۵ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
  • عرب لیگ سعودی جارحیت کے خلاف ٹھوس موقف اپنائے:  یمن کی سماجی اور شہری تنظیمیں

یمن کی سماجی اور شہری تنظیموں کے اتحاد نے عرب لیگ سے سعودی جارحیت کے خلاف ٹھوس موقف اپنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سبا کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر کی سماجی اور شہری تنظیموں کے اتحاد نے عرب لیگ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سعودی جارحیت کے خلاف اپنی خاموشی توڑ دے اور یمنی عوام کو نجات دلانے کی کوشش کرے۔ یمن کی سماجی اور شہری تنظیموں کے اتحاد کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں اس بات کا شکوہ کیا گیا ہے کہ عرب لیگ نے یمنی عوام کے قتل عام اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی پر چپ سادھ رکھی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب ہوائی حملوں میں لوگوں کو روزی روٹی سے محروم کرنے کی غرض سے ان کے مال مویشیوں پر رحم نہیں کررہا۔ یمن کی سماجی اور شہری تنظیموں کے اتحاد نے اپنے بیان میں کہا کہ عرب لیگ کی خاموشی سے پتہ چلتا ہے کہ یہ ادارہ سعودی عرب کے مجرمانہ اقدامات میں برابر کا شریک ہے۔ بیان میں اقوام متحدہ پر بھی کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ عالمی ادارہ بڑی طاقتوں کے مفادات کا نگہبان بن چکا ہے اور اسے دنیا بھر کے عوام کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ یمن کی سماجی اور شہری تنظیموں کے اتحاد کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی اداروں کو اچھی طرح معلوم ہے کہ سعودی عرب یمنی عوام کے خلاف کیسے کیسے جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے لیکن انہوں نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ بیان کے مطابق سعودی عرب کے مجرمانہ اقدامات پر مسلسل خاموشی کی وجہ سے عالمی اداروں کی ساکھ خراب ہو رہی ہے۔