Dec ۱۱, ۲۰۱۵ ۱۸:۵۲ Asia/Tehran
  • یمن: تحریک انصاراللہ نے اپنی مذاکراتی ٹیم کے ارکان کے ناموں کی فہرست اقوام متحدہ کے سپرد کردی

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ نے امن مذاکرات کے لیے اپنی ٹیم کے ارکان کے نام اقوام متحدہ کو بھجوا دیئے ہیں۔

انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی تنظیم نے اقوام متحدہ کی نگرانی میں ہونے والے امن مذاکرات کے لیے اپنے نمائندوں کے ناموں کی فہرست عالمی ادارے کے سپرد کردی ہے۔ انہوں نے ٹیم کے ارکان کے ناموں کی جانب کوئی اشارہ نہیں کیا۔ انصاراللہ کے ترجمان نے جنگ بندی اور یمن کا محاصرہ ختم کئے جانے پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کا ادارہ اس بار مذاکرات کے ایجنڈے میں انصاراللہ کی رائے کو بھی مدنظر رکھے گا۔ محمد عبدالسلام نے واضح کیا کہ انصاراللہ بحران یمن کے حل کی غرض سے ٹھوس اور ذمہ دارانہ مذاکرات پر یقین رکھتی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ اور اس ملک کی سابق حکومت نے اقوام متحدہ کی جانب سے کرائے جانے والے امن مذاکرات میں شرکت سے اتفاق کر لیا ہے۔ یمن کے بارے میں امن مذاکرات پندرہ دسمبر کو جنیوا میں منعقد ہوں گے۔ سعودی عرب نے امریکہ اور اپنے علاقائی اتحادیوں کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ سے یمن کے خلاف جارحیت کا آغاز کیا تھا جس کے نتیجے میں اب تک ہزاروں بے گناہ یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔