افغانستان: کابل میں ہسپانوی سفارت خانے کے قریب جھڑپیں ختم
افغانستان کی وزارت داخلہ نےکہا ہے کہ کابل میں ہسپانوی سفارت خانے کے قریب جھڑپیں ختم ہوگئی ہیں۔
ہفتے کے روز افغان وزارت داخلہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چار حملہ آوروں، دو غیر ملکیوں اور چار پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد، کابل میں ہسپانوی سفارت خانےکے قریب واقع غیرملکی ریسٹ ہاؤس پر حملہ کا واقعہ ختم ہوگیا ہے۔ افغان وزارت داخلہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چار حملہ آوروں نے جمعے کی شام کابل کے شیر پور نامی علاقے میں واقع ایک غیر ملکی ریسٹ ہاؤس کے قریب کاربم کا دھماکہ کیا اور بعد ازاں ریسٹ ہاؤس میں داخل ہوگئے۔ بیان کے مطابق پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان مقابلہ آرائی ہفتے کی صبح پانچ بجے تک جاری رہی۔ پولیس نے چاروں حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کے بعد ریسٹ ہاؤس میں موجود دس غیر ملکی یرغمالیوں کو آزاد کرالیا۔طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔