Dec ۱۲, ۲۰۱۵ ۲۰:۲۰ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کے جنوبی علاقے میں یمنی فوج کی پیشقدمی

یمنی فوج نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے جیزان میں پیش قدمی کرکے دو گاؤوں اور چار فوجی اڈوں پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج نے ہفتے کے روز دو گاؤوں المحجم اور السر پر اپنا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق المعدف علاقے میں سعودی فوج کے دو ٹینکوں اور پانچ فوجی گاڑیوں کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔ سبا نیٹ نے بھی رپورٹ دی ہے کہ یمن کے وسطی صوبے مآرب میں سعودی ایجنٹوں کے زیر قبضہ کئی فوجی اڈوں کو یمنی فوج نے اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ جمعہ کے روز بھی یمنی فوج نے دو گاؤں الواسطہ اور الخادمہ اپنے کنٹرول میں لے لئے تھے۔ دریں اثنا یمنی فوج نے تحریک انصاراللہ سے وابستہ عوامی رضاکار فورس کی مدد سے یمن کے جنوب مغربی صوبے تعز میں متعدد سعودی ایجنٹوں کو ہلاک کرنے کے بعد اپنی پیش قدمی جاری رکھی۔ سبا نیٹ کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج کے حملوں میں اٹھارہ سے زیادہ سعودی زرخرید ایجنٹوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق انصاراللہ کے جوانوں نے کوہ بقیر و المشحورہ سے الشریجہ کے علاقے کی طرف سعودی ایجنٹوں کی پیش قدمی کی کوشش بھی ناکام بنادی اور آٹھ سعودی ایجنٹوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔انصاراللہ کے جوانوں کے حملوں میں متعدد سعودی ایجنٹ زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یمنی فوج نے صوبہ تعز کے الشقیرہ علاقے میں سعودی ایجنٹوں کی ایک بکتر بند گاڑی کو بھی تباہ اور چھے سعودی ایجنٹوں کو ہلاک کردیا۔ العمری علاقے میں پیش قدمی کرنے والی دو دیگر بکتر بند گاڑیوں کو بھی یمنی فوج نے تباہ کردیا اور ان پر سوار تمام سعودی ایجنٹ ہلاک ہوگئے۔ ادھر یمن کے وزیر دفاع نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب کا ایک ایف سولہ لڑاکا طیارہ یمن کے جنوب مغرب میں ایک ایئر بیس پر اترتے وقت تباہ ہوگیا ہے۔ المسیرہ ٹی وی کے مطابق یہ سعودی لڑاکا طیارہ صوبہ لحج میں ہفتے کی صبح العند ایئر بیس پر اترنے کی کوشش میں تباہ ہوا۔