سعودی عرب: آیت اللہ نمر باقر نمر کی سزائے موت کے فیصلے کے خلاف مظاہرے
ہزاروں سعودی شہریوں نے سرکردہ شیعہ رہنما آیت اللہ نمر باقر نمر کی سزائے موت کے فیصلے کے خلاف مظاہرے کیے ہیں۔
پریس ٹی وی کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں لوگ مشرقی شہر قطیف کی سڑکوں پر آئے اور انہوں نے آیت اللہ نمر باقر نمر کی سزائے موت کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے آیت اللہ نمر باقر نمر کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے سیاسی مخالفین کے خلاف کریک ڈاؤن کی مذمت کی ۔ یہ مظاہرے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب سعودی سیکورٹی فورس نے بدھ کے روز شیعہ آ بادی والے علاقے قطیف سے اسرا الغمغام نامی خاتون کو سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے الزام میں گرفتار کرکے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا ہے۔ سعودی عرب کے شیعہ آبادی والے علاقوں میں سنہ دوہزار گیارہ سے بنیادی شہری اور جمہوری حقوق کی بحالی کے لیے عوامی تحریک جاری ہے۔ سعودی حکام نے عوامی مطالبات پر توجہ دینے کے بجائے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔ سعودی حکام نے عوامی حقوق کے لیے جاری تحریک کے قائد آیت اللہ نمر باقر نمر کو گرفتار کرکے موت کی سزا سنائی ہے۔