Dec ۲۰, ۲۰۱۵ ۰۷:۴۸ Asia/Tehran
  • ایران میں جید علما کی کونسل، مجلس خبرگان رہبری کے نائب سربراہ آیت الله سید محمود ہاشمی شاہرودی
    ایران میں جید علما کی کونسل، مجلس خبرگان رہبری کے نائب سربراہ آیت الله سید محمود ہاشمی شاہرودی

ایران میں جید علما کی کونسل، مجلس خبرگان رہبری کے نائب سربراہ نے نائیجیریا کے مسلمانوں پر اس ملک کی فوج کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے زاریا میں مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث افراد کی شناخت اور ان پر مقدمہ چلائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

آیت الله سید محمود ہاشمی شاہرودی نے ہفتے کے دن کہا کہ نائیجیریا میں تقریبا پندرہ ملین شیعہ مسلمان رہتے ہیں اور اس ملک کی حکومت بھی بظاہر مسلمان ہے۔ اس ملک میں بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام اسلام پر روا رکھے جانے والے مظالم کا ایک نمونہ ہے۔ آیت اللہ شاہرودی نے مزید کہا کہ نائیجیریا میں بوکوحرام گروہ بے گناہ انسانوں کا قتل عام کرتا ہے اور عورتوں اور بچوں کو اپنا غلام بناتا ہے لیکن اس کے خلاف کوئی موثر اقدام نہیں کیا جاتا جبکہ پندرہ ملین مسلمانوں کو صرف شیعہ ہونے کی وجہ سے تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کا قتل عام کر دیا جاتا ہے اور ان کے عظیم قائد اور جید عالم دین کی بے حرمتی کی جاتی ہے۔

 مجلس خبرگان کے نائب سربراہ نے دہشت گردی سے متعلق یورپ اور اس کے پٹھوؤں کے دوہرے رویے کو جھوٹ اور فریب کا ایک نمایاں ترین مصداق قرار دیا۔ آیت الله سید محمود ہاشمی شاہرودی نے یمن، بحرین، شام اور عراق میں دہشت گردانہ سرگرمیوں اور خواتین، بچوں اور عام شہریوں کے قتل عام کو خطے اور اسلامی دنیا میں صیہونی مقاصد کے حصول کی شیطانی سازش کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مقابلے کے بہانے نیز امریکہ اور اسرائیل کی قیادت میں دہشت گردی مخالف اتحاد کے نام پر اسلامی دنیا میں متعدد خطرناک دہشت گرد گروہوں کو وجود میں لایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کے دوران نائیجیریا کی فوج نے اس ملک کے شیعہ مسلمانوں کو متعدد مرتبہ اپنے حملوں کا نشانہ بنایا۔ اس ملک کی فوج نے کادونا صوبے میں واقع شہر زاریا میں اہل تشیع کی امام بارگاہ اور آیت اللہ شیخ ابراہیم زکزاکی کے گھر پر حملہ کر کے سیکڑوں مسلمانوں کا قتل عام کیا۔

ٹیگس