اسلامی ملکوں کے اتحاد کی ضرورت پر تاکید
-
اسلامی ملکوں کے اتحاد کی ضرورت پر تاکید
عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری نے عالم اسلام کی سربلندی کے لیے اسلامی ملکوں کے درمیان اتحاد کو ضروری قرار دیا ہے۔
تہران میں انتیسویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عراقی وزیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ حالات میں عالم اسلام کی سربلندی کا واحد راستہ یہ ہے کہ تمام اسلامی ممالک آپس میں متحد ہوجائیں۔ اسلامی دنیا کو درپیش بحرانوں کا حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹرابراہیم الجعفری نے کہا کہ عالم اسلام کو اپنے سیاسی، سماجی، اقتصادی اور سیکورٹی بحرانوں پر قابو پانے کے لیے قوی عزم اور مناسب منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔
عراقی وزیر خارجہ نے تمام اسلامی ملکوں پر زور دیا کہ وہ اپنی مشکلات کے حل کے لیے پیغمبراکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سفارشات اور فرامین پر عمل کریں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ عالم اسلام کی تمام مشکلات کی وجہ یہ ہے کہ اس نے قرآن اورعترت رسول (ص) سے دوری اختیار کرلی ہے یا ان میں سے ایک کو چھوڑ دیا ہے۔
عراقی وزیر خارجہ نے یہ بات زور دیکر کہی کہ امت مسلمہ اپنے وسیع جغرافیا اور نسلی تنوع کے ساتھ پوری دنیا پراثر انداز ہونے کی توانائی رکھتی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف عراقی فوج کی پیشقدمی اور کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹرابراہیم الجعفری نے کہا کہ آج ساری دنیا کے مسلمانوں کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ عراقی قوم پوری امت مسلمہ کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراقی حکومت اسلام کے اتحاد آفریں پیغام کو عملی جامہ پہنانا چاہتی ہے۔
عراقی وزیرخارجہ نے کہا کہ جامعۃ الازھراورعالم اسلام کی مرجعیت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسلمانوں کے خلاف ہونے والی سازشوں کا پردہ چاک اور انہیں ناکام بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ انہوں نے امیدظاہر کی کہ تہران میں ہونے والی وحدت اسلامی کانفرنس اپنے اہداف کے حصول میں کامیاب رہے گی۔