شامی عوام کو بین الاقوامی امداد کی ضرورت
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ شام کے علاقوں کفریا اور الفوعہ میں بین الاقوامی امدادی کارکنوں کا پہنچنا ناگزیر ہو گیا ہے۔
المیادین ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے نیویارک میں ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ شام کے صوبہ ادلب کے علاقوں کفریا اور الفوعہ میں اقوام متحدہ کے امدادی کارکنوں کا پہنچنا ضروری ہے تاکہ ان علاقوں کی صورت حال سے وہ براہ راست مطلع ہو سکیں۔
اقوام متحدہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد بہت واضح ہے اور کسی رکاوٹ کے بغیر ضرورتمندوں تک امداد پہنچنا چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے پاس کفریا اور الفوعہ کی صورت حال کی کوئی تصویر نہیں ہے اس لئے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ کے کارکن ان علاقوں میں جاکر نزدیک سے صورت حال کا مشاہدہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ امدادی اشیا کے ایک کارواں سے مشکل حل نہیں ہوگی اور اگر اکتوبر میں ان علاقوں میں کوئی امدادی کارواں گیا تھا تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ان علاقوں کے باشندوں کے پاس جنوری میں بھی کھانے پینے کی اشیا موجود ہوگی۔
اسٹیفن دوجاریک نے کہا کہ ان علاقوں کے لوگوں کے پاس کھانے پینے کے لئے کچھ بھی نہیں ہے اور یہ بات سب پر واضح ہے۔