Jan ۱۶, ۲۰۱۶ ۱۰:۲۶ Asia/Tehran
  • شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے کہا کہ ترکی نے دہشت گرد گروہوں کی تربیت کے لیے تربیتی کیمپ قائم کیے ہیں۔
    شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے کہا کہ ترکی نے دہشت گرد گروہوں کی تربیت کے لیے تربیتی کیمپ قائم کیے ہیں۔

شام کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ترکی، قطر اور سعودی عرب شام میں سرگرم دہشت گردوں کی حمایت بدستور جاری رکھے ہوئے ہیں۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے کہا ہے کہ اگر ترکی، قطر اور سعودی عرب دہشت گردوں کی حمایت اور مدد کرنا بند کردیں تو شام کا بحران ستّر فیصد ختم ہو جائے گا۔

شام کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب شام میں سرگرم دہشت گردوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے کہ جس سے بحران شام کے حل کے لیے کی جانے والی بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

ولید المعلم نے روسی نیوز ایجنسی اسپوٹنک سے بات چیت میں یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کا حالات پر منفی اثر پڑے گا، کہا کہ سعودی عرب شام میں دہشت گردوں کی مالی و فوجی مدد جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس کے اس اقدام سے جنیوا کانفرنس ناکام ہو جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ترکی نے دہشت گرد گروہوں کی تربیت کے لیے تربیتی کیمپ قائم کیے ہیں اور وہ ان دہشت گردوں کو مسلح کرنے اور انھیں شام بھیجنے کے لیے سعودی عرب اور قطر سے بھاری رقم حاصل کرتا ہے۔

ٹیگس