عراق: سعودی سفیر کی وزارت خارجہ میں طلبی
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i208195-عراق_سعودی_سفیر_کی_وزارت_خارجہ_میں_طلبی
حکومت عراق نے بغداد میں متعین سعودی سفیر کو مداخلت پسندانہ بیان دینے پر وزارت خارجہ میں طلب کرلیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jan ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۷:۳۲ Asia/Tehran
  • عراق: سعودی سفیر کی وزارت خارجہ میں طلبی

حکومت عراق نے بغداد میں متعین سعودی سفیر کو مداخلت پسندانہ بیان دینے پر وزارت خارجہ میں طلب کرلیا ہے۔

خبروں کے مطابق عراقی وزارت خارجہ نے اتوار کے روز سعودی عرب کے سفیر ثامر سہبان کو وزارت خارجہ میں طلب کرکے عوامی رضاکار فورس کے متعلق مداخلت پسندانہ اور توہین آمیز بیان پر سخت احتجاج کیا ۔ عراقی وزارت خارجہ نے سعودی سفیر کے بیان کو غلط ، مداخلت پسندانہ ، اور سفارتی آداب کے منافی قرار دیا۔

قابل ذکر ہے کہ سعودی سفیر ثامر سہبان نےایک عراقی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ مغربی عراق کے عوام اور کرد باشندے ، اپنے علاقوں میں عراق کی عوامی رضاکار فورس حشد الشابی کی آمد کے مخالف ہیں۔ انہوں نے اسی پر اکتفا نہیں کیا بلکہ عراق کے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت کرتے ہوئے دعوی کیا کہ عوامی رضاکار فورس کی عراق کے سماج میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

یہاں اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ سعودی سفیر ثامر سہبان ، ایک انٹیلی جنس افسر ہیں اور حالیہ برسوں کے دوران عراق اور شام میں دہشت گرد گروہوں کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ ادھرعراق کی سیاسی جماعتوں اور مختلف پارلیمانی دھڑوں نے سعودی سفیر کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے انہیں ناپسندیدہ شخصیت قرار دیکر ملک سے بے دخل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔