Jan ۲۹, ۲۰۱۶ ۱۶:۱۷ Asia/Tehran
  • سعودی عرب: شیعہ مسلمانوں کی مسجد پر حملہ، متعدد جاں بحق اور زخمی

سعودی عرب کے مشرقی شہر الاحسا میں شیعہ مسلمانوں کی مسجد میں دہشت گردانہ حملے میں کم سے کم پانچ نمازی شہید اور اٹھارہ زخمی ہو گئے۔

عرب ذرائع ابلاغ نے خبردی ہے کہ سعودی عرب کےمشرقی شہر الاحسا کی مسجد امام رضا میں زوردار دھماکے سے پوری مسجد لرز اٹھی اور اس کے فورا بعد مسلح دہشت گردوں نے نمازیوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی- رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے بعد پانچ مسلح دہشت گردوں نے نمازیوں پر اندھادھند فائرنگ کی- موصولہ خبروں کے مطابق یہ دہشت گردانہ حملہ الاحسا شہر کے محاسن محلے میں ہوا- سعودی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے فائرنگ نماز جمعہ کے دونوں خطبوں کے درمیان کی- رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں کم سے کم پانچ نمازی شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں-
عرب ذرائع ابلاغ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شہید ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتاہے- العربیہ ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ حملے میں ملوث ایک حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے- الجزیرہ ٹیلی ویژن چینل نے بھی سعودی حکام کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ایک دہشت گرد کو جس نے اپنی کمر پر دھماکہ خیز مواد باندھ رکھا تھا فائرنگ کرتے وقت گرفتار کر لیا گیا -
واضح رہے کہ سعودی عرب میں شیعہ مسلمانوں کی مساجد اور امام بارگاہوں پر اب تک بارہا دہشت گردانہ حملے ہوچکے ہیں لیکن ابھی تک ان دہشت گردوں کو قرار واقعی سزا نہیں دی گئی- ماضی میں اس قسم کے دہشت گردانہ حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی جسے سعود ی حکومت کی حمایت حاصل ہے-