عراق کے قومی سلامتی کے مشیر کی سعودی عرب کے سفیر کے مداخلت پسندانہ بیان پر شدید تنقید
عراق کے قومی سلامتی کے مشیر نے سعودی عرب کے سفیر کے مداخلت پسندانہ بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے نامناسب قراردیا ہے
عراق کے قومی سلامتی کے مشیر فالح فیاض نے جمعے کو العراقیہ ٹیلی ویژن چینل کے ساتھ اپنے انٹرویو میں کہا کہ سعودی سفیر ثامر السبہان کا عراق کی عوامی رضاکارفورس کے خلاف دیا گیا بیان غلط ہے- انہوں نے کہا کہ سعودی سفیر کا یہ بیان سعودی حکومت کا موقف سمجھا جائے گا - عراق کے قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ دشمن چاہتا ہے کہ وہ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کو کمزور کرے لیکن اسے برداشت نہیں کیا جائے گا-
واضح رہے کہ عراق میں سعودی سفیر ثامرالسبہان نے گذشتہ سنیچر کو اپنے مداخلت پسندانہ بیان میں کہا تھا کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس کے لئے کردوں اور صوبہ الانبار کے باشندوں کی مخالفت سے یہ ظاہر ہوتاہے کہ عوامی رضاکار فورس کی عراقی معاشرے میں کوئی جگہ نہیں ہے- عراقی سفیر کے اس بیان کی عراق کی سیاسی اور مذہبی شخصیات نے سخت مذمت کی ہے جبکہ عراق کی متعدد سیاسی جماعتوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سعودی سفیر کو ملک سے نکال دے۔