Feb ۰۳, ۲۰۱۶ ۲۱:۰۰ Asia/Tehran
  • سعودی عرب نے یمنی عوام کے خلاف کلسٹر بم استعمال کئے

سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے ایک بار پھر یمنی عوام کے خلاف کلسٹر بم استعمال کیے ہیں۔

یمن کے المسیرہ ٹی وی کے مطابق سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے بدھ کے روز صوبہ حجہ کے شہر حرض کے نواحی گاؤں پر کلسٹر بم برسائے ہیں۔ اس حملے میں کم سے کم ایک شخص شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ سعودی حملے میں متعدد رہائشی مکانات تباہ اور کھڑی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سعودی حکومت اس سے پہلے بھی یمن کی جنگ میں بے گناہ شہریوں کے خلاف کلسٹر بموں کا استعمال کر چکی ہے۔ عالمی قوانین کی رو سے جنگ کے دوران کلسٹر بموں کا استعمال ممنوع ہے۔ ایک اور اطلاع کے مطابق صوبہ صنعا کے شہر بنی حجیل میں آبادی پر کی جانے والی سعودی بمباری میں ایک کم سن بچہ شہید اور چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔ سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے الحدیدہ شہر میں سرکاری عمارتوں اور ایئرپورٹ پر بھی بمباری کی ہے جس میں ایک شخص کے شہید اور متعدد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ ذمار شہر پر بھی سعودی لڑاکا طیاروں کی بمبارے میں ایک شخص شہید اور سات دیگر زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ حجہ کے سرحدی علاقے میں سعودی حکومت کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔