یمن پر تازہ سعودی جارحیت میں متعدد عام شہری شہید، جوابی کارروائی میں سعودی اتحاد کے ڈھائی سو سے زائد فوجی ہلاک اور زخمی
یمن پر تازہ سعودی جارحیت میں متعدد عام شہری شہید ہو گئے ہیں جبکہ یمن کے جوابی حملے میں سعودی اتحاد کے ڈھائی سو سے زائد فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
یمن کے المسیرہ ٹی وی کے مطابق ، فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ مآرب میں واقع سعودی اتحاد کی ماس نامی فوجی چھاونی کو توشکا میزائل سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں مذکورہ چھاونی کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں سعودی اتحاد کے کم سے کم سو فوجی ہلاک ہوئے ہیں جن میں دس افسران بھی شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والے فوجی افسران میں سے تین کا تعلق متحدہ عرب امارات سے، دو کا سعوی عرب اور پانچ کا دیگر ملکوں سے بتایا جاتا ہے۔ اس حملے میں سعودی اتحاد کے ڈیڑھ سو سے زائد فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ سعودی اتحاد کی متعدد فوجی گاڑیاں، ٹینک اور دیگر فوجی سازو سامان بھی تباہ ہو گیا ہے۔ فوجی مبصرین ، ماس فوجی چھاؤنی پر یمنی فوج کے میزائل حملے کو انتہائی اہم کامیابی قرار د ے رہے ہیں۔ مذکورہ فوجی چھاؤنی کو یمن میں سعودی اتحاد کی اہم ترین فوجی چھاونی تصور کیا جاتا ہے۔ دوسری طرف سعودی حکومت کی تازہ بمباری میں کم سے کم چھے عام شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ المسیرہ نے بتایا ہے کہ سعودی حکومت کے جنگی طیاروں نے سنیچر کو صوبہ تعز کے علاقے ماویہ پر بمباری کردی جس میں ایک خاتون اپنی تین بچیوں کے ساتھ شہید ہوگئی۔ صوبہ تعز کے علاقے ذباب میں بھی سعودی فضائی حملے میں دو افراد شہید اور تین زخمی ہوگئے ۔